کراچی: (دنیا نیوز) کارساز میں باپ بیٹی کو روڈ حادثے میں کچلنے والی خاتون ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
کراچی کے علاقے کارساز میں باپ بیٹی کو روڈ حادثے میں کچلنے کے کیس کی سماعت مقامی عدالت میں ہوئی جہاں پولیس نے ملزمہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت پولیس نے ملزمہ کے 14دن کے ریمانڈ کی استدعا کی جس پر ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ میری مؤکلہ کے خلاف دفعات قابل ضمانت ہیں، اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ 322 کا اضافہ کیا ہے اور دفعہ 322 ناقابل ضمانت ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے خاتون سے پوچھا کے پولیس نے آپ پر کوئی تشدد تو نہیں کیا؟ اس پر خاتون نے نفی میں جواب دیا، بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔