سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) قتل کے مقدمے میں جعلسازی کرنے والے اے ایس آئی کو گرفتار کر لیا گیا۔
تھانہ کینٹ کے اے ایس آئی عثمان کو قتل کے مقدمے میں جعل سازی کرنے پر مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا، پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ نیلم نامی خاتون کی غیر فطری موت واقع ہوئی تھی جس کا مقدمہ 25 ستمبر کو متوفیہ نیلم کے شوہر اور دیور پر درج ہوا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ایف آئی آر کے متن کے مطابق اے ایس آئی عثمان نے مدعی سے ملی بھگت کرکے بیان نزع پر متوفیہ کے بھائی کا جعلی انگوٹھا لگایا اور نیلم کی موت کے بعد بیان نزع خود تیار کیا۔
کارروائی کے دوران اے ایس آئی کی جعلسازی پکڑی گئی جس پر اس کے خلاف ایس ایچ او کینٹ میاں عبدالرزاق کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اے ایس آئی عثمان کو گرفتار کرکے اپنے ہی تھانے کے حوالات میں بند کردیا گیا۔