ایف آئی اے افسران کا کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف

Published On 12 November,2024 05:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) افسران کاکرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ مافیا سے گٹھ جوڑ کے نتیجے میں 3 ایف آئی اے اہلکاروں کو معطل کردیا گیا، ایف آئی اے افسران نے ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ملوث اہلکاروں کی معطلی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا ہے کہ اہلکاروں نے ڈیپورٹ ہونے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی نہیں کی، ڈیپورٹ ہونے والے شہریوں کو ایجنٹ مافیا سے گٹھ جوڑ کر کے رہا کر دیا گیا، یورپ سے بذریعہ ترکش ایئر لائن پاکستانی شہریوں کو ڈیپورٹ کیا گیا تھا، ایجنٹ مافیا ڈیپورٹ ہونے والے پاکستانی شہریوں کو چند منٹوں میں رہا کروا کر لے گئے تھے۔

معطل ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل شفقات حیدر، راحیل رحمان اور عدنان جہانگیر شامل ہیں جبکہ انچارج سیکشن انسپکٹر شبیر عباس کو کلوز ٹو ایڈمن برانچ کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی ایف آئی اے کے 17 افسران کو کرپشن کیسز میں ہٹایا جا چکا ہے، تمام افسران کو کرپشن اور بد عنوانی ثابت ہونے پر ہٹایا گیا تھا۔