صوابی: کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، بچی زخمی

Published On 07 December,2024 11:55 am

صوابی: (دنیا نیوز) صوابی میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے خاتون سمیت3 افراد جاں بحق جبکہ بچی زخمی ہو گئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صوابی کے علاقے ڈھیرو لارگدون میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کر کے خاتون سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ایک بچی زخمی ہو ئی، پولیس نے لاشوں اور زخمی بچی کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، مزید تحقیقات اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب میاں چنوں کے علاقہ نوری سہاگ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے خواجہ سرا ڈانسر کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مہندی کی تقریب کے دوران ملزم نے خواجہ سرا ڈانسر پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، خواجہ سرا ڈانسر کی لاش رورل ہیلتھ سنٹر تلمبہ منتقل کر دی گئی جبکہ ملزم اور ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔