کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی عدالت نے صحافی فرحان ملک کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے کی جانب سے کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر فرحان ملک کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صحافی فرحان ملک کے خلاف پہلے سے انکوائریز جاری تھیں، سندھ ہائی کورٹ نے کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں، ہائی کورٹ کے حکم کے برعکس ایف آئی اے نے کارروائی کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نجی چینل کے سابق ڈائریکٹر نیوز فرحان ملک کو ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی نے گرفتار کیا تھا، صحافی فرحان ملک کے خلاف گزشتہ 3 ماہ سے یہ انکوائری جاری تھی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی میں جمعرات کو انہیں بیان دینے کے لیے طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں ڈائریکٹر سائبر کرائم کے احکامات پر سب انسپکٹر ذیشان نے مقدمہ نمبر 25/ 25 درج کر کے انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا۔