کراچی: (دنیا نیوز) مصطفی ٰعامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کی گرفتاری کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
پولیس حکام کے مطابق اے وی سی سی کی ٹیم اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے ضلع ساؤتھ میں موجود تھی ، بذریعہ مخبر اطلاع ملی کامران اصغر نامی شخص کہیں جانے کے لیے اپنے بنگلے کے دروازے پر موجود ہے، اطلاع تھی کہ کامران اصغر نامی شخص کے پاس ناجائز اسلحہ بھی ہے، اطلاع پر پولیس پارٹی ڈیفنس خیابان مومن پہنچی۔
حکام نے بتایا کہ بنگلہ نمبر 35 کے باہر فٹ پاتھ پر کھڑے شخص کو مخبر کی نشاندہی پر پکڑا، دریافت کرنے پر ملزم نے اپنا نام کامران اصغر قریشی بتایا ، ملزم کے کندھے پر لٹکے سیاہ رنگ کے بیگ کی تلاشی لی گئی جس سے منشیات،اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا، برآمد 200 گرام آئس منشیات کو دو تھیلیوں میں رکھا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بیگ سے نائن ایم ایم پستول اور 10 گولیاں بھی برآمد ہوئیں، بیگ سے ملزم کے دو پاسپورٹ،2 شناختی کارڈ،3 ڈرائیونگ لائسنس اور 4 اے ٹی ایم کارڈ زبھی ملے، گاڑی کی رجسٹریشن بک،2 ہزار روپے نقد اور 5 موبائل فونز بھی بیگ سے ملے، ملزم کے بیگ سے ارمغان کا ایک پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم سے اسلحہ کا لائسنس طلب کیا گیا جو وہ فراہم نہ کرسکا، ملزم کامران کے خلاف منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعہ کے تحت دو مقدمات درج کیے گئے، دونوں مقدمات بذریعہ سرکار تھانہ اے وی سی سی میں درج کیے گئے ، مقدمات اے وی سی سی کے انسپکٹر محمد احمد بٹ کی مدعیت میں درج کیے گئے۔