پیکا ایکٹ مقدمہ :صحافی فرحان ملک کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا

Published On 31 March,2025 04:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عدالت نے پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار صحافی فرحان ملک کو تحویل میں لےکر جیل منتقل کردیا۔

  ایف آئی اے نے صحافی فرحان ملک اور دیگر کو ریمانڈ ختم ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان غیر قانونی کال سینٹر صحافی فرحان ملک کی ایما پر چلاتے تھے جبکہ ملزم نے جج کے سامنے بیان دیا کہ صحافی فرحان ملک سے نہ کبھی ملا نہ دیکھا، فرحان ملک کو پہلی بار ریمانڈ کے دوران لاک اپ میں دیکھا۔

جبران ناصر ایڈووکیٹ نے پوچھا فرحان ملک کے ریمانڈ کے دوران ایف آئی اے نے کیا برآمد کیا؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا جو آلات برآمد ہوئے وہ فرانزک کے لیے بھیج دیے ہیں۔

وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کہا فرحان ملک کا عدالتی ریمانڈ ہوا تودوسرے مقدمے میں گرفتاری ڈال دی گئی، کیا اب تیسرے مقدمے میں گرفتاری ڈالی جائے گی؟

تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ فرحان ملک کے خلاف مزید کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فرحان ملک کو عدالتی تحویل میں لیکر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا جس کے بعد صحافی فرحان ملک اور دیگر کو لانڈھی جیل منتقل کر دیا گیا۔