پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کو جاری نوٹسز معطل کردیئے۔
پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کو نوٹسز جاری کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال نے کی ۔
دورانِ سماعت عدالت نے صحافیوں کو دیئے جانے والے نوٹسز معطل کردیئے اور نیشنل سائبر کرائم کے حکام سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا، عدالت نے اگلی سماعت پر فریقین سے جواب بھی طلب کیا ہے۔
وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار صحافی ہیں جنہیں ایف آئی اے سائبر کرائم نے نوٹس دیا ہے اور نوٹسز میں یہ نہیں کہا گیا کہ کس جرم میں نوٹسز دیئے گئے ہیں۔
وکیل کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے اس نوعیت کے نوٹسز پہلے بھی معطل کیے ہیں، عدالت کے آرڈرز موجود ہیں جس پر عدالت نے نوٹسز معطل کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔