آزاد کشمیر میں منشیات فروشی کا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب، 10 ملزمان گرفتار

Published On 29 April,2025 08:33 pm
Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی ڈرگ سمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کر کے مرکزی ملزم ارشد بلو سمیت 10 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس ایس پی میرپور خاور علی شوکت نے میڈیا بریفنگ میں انکشاف کیا کہ ارشد بلو 2015 سے ہیروئین برطانیہ سمگل کرنے کا نیٹ ورک چلا رہا تھا، جو کے پی کے، آزادکشمیر اور اسلام آباد سے ہیروئین برطانیہ پارسل کے ذریعے بھجواتا رہا، ارشد بلو کے خلاف 2013 میں برطانیہ میں بھی مقدمہ درج ہوا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 4 کلو سے زائد ہیروئین، بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی، اسلحہ، اور 77 سے زائد مالیاتی کھاتوں کے رجسٹرز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کے زیر استعمال 5 گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔

خاور علی شوکت نے بتایا کہ میرپور پولیس نے ستمبر 2024 سے نیٹ ورک کیخلاف کام شروع کیا، مختلف چھاپوں کے دوران ملزمان جنید، وقار اور عمار کو گرفتار کیا گیا، جنہوں نے ارشد بلو اور اس کے نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کا انکشاف کیا، تفتیش کے دوران، ارشد بلو نے اعتراف کیا کہ وہ متعدد ساتھیوں کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث رہا ہے۔

پولیس نے نیٹ ورک سے منسلک ایک نجی کرنسی ایکسچینج نیلم کرنسی پر بھی کارروائی کی، جہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، ساتھ ہی بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے۔

ایس ایس پی خاور علی شوکت نے مزید بتایا کہ یہ ایک ہائی پروفائل کیس ہے اور اس حوالے سے برطانیہ اور انٹرپول سے بھی رابطے میں ہیں، میرپور پولیس حکومت آزادکشمیر اور آئی جی آزادکشمیر کے وژن “ڈرگ فری اسٹیٹ” پر عمل پیرا ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔