کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے شیر شاہ میں سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم محمد نور ولد ولی خان کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، دوران تفتیش ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں عابد مچھڑ، عمر خطاب محسود، قیوم محسود اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری بم دھماکوں، اغواء برائے تاوان اور متعدد پولیس مقابلوں میں شامل ہونے کا اعتراف کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم 2010ء میں فتنہ الخوارج کے دہشتگرد قیوم محسود کے گروپ میں شامل ہوا اور 2012ء میں عابد مچھڑ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم میں شامل رہا، ملزم کے اکثر ساتھی کراچی آپریشن کے دوران رینجرز اور پولیس مقابلوں میں مارے گئے یا گرفتار ہو چکے ہیں۔
ملزم نور 2015ء میں کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کیلئے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں روپوش رہا۔



