پھولنگر میں پولیس مقابلہ، 8 بچوں کو یتیم کرنے والا بدنام زمانہ ڈاکو مارا گیا

Published On 02 December,2025 02:12 am

پھولنگر: (دنیا نیوز) کوٹ رادھاکشن کے علاقہ گرو کی جھگیاں میں 08 بچوں کو یتیم کرنیوالا بدنام زمانہ ڈاکو پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو عدیل نے ساتھیوں کے ہمراہ 12 روز قبل شہری محمد ریاض کو ناحق قتل کیا تھا، ہلاک ڈاکو راہزنی کی 13 سے زائد سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور علاقہ میں خوف کی علامت بنا ہوا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم عدیل دن کے وقت تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس کی حراست سے فرار ہو گیا تھا، امشب تھانہ کوٹ رادھاکشن کے علاقہ میں 03 ڈاکو شہری سے واردات کر کے فرار ہوئے، تھانہ صدر پھولنگر کے علاقہ میں پولیس ناکہ بندی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے عدیل ہلاک ہوا، ملزم کے ساتھیوں کو پکڑنے کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جن کو جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔