خلاصہ
- صادق آباد: (دنیا نیوز) کچے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران بڑی پیش رفت، سیکھانی اور کوش گینگ کے 10 ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔
پولیس وارننگ کے بعد سیکھانی گینگ نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کر دیا، کوش گینگ کے ایک گروہ نے بھی سرنڈر کر کے پولیس کے سامنے پیشی دی۔
ڈی پی او رحیم یارخان کے مطابق مسلح ڈاکو بھونگ تھانے کی کچے کی پولیس چوکی گڑھی خیر محمد جھک میں پیش ہوئے، سرنڈر کرنے والے ڈاکو اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، لوٹ مار اور پولیس مقابلوں میں مطلوب تھے۔
سیکھانی گینگ میں طارق، حاکم، بلوچ، میوہ، سکھانی اور سلیم دشتی شامل ہیں، کوش گینگ میں جیون، شاہ پارو، کھتور اور قربان جھو کوش شامل ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق دونوں گینگ کے ڈاکوؤں نے جرائم سے توبہ کا اعلان کیا، ملزمان کو سنگین نوعیت کے مقدمات میں عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لٹھانی گینگ کے سرغنہ میرا عرف میرو لٹھانی نے بھی سرنڈر کیا تھا، جس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی۔
ڈی پی او رحیم یارخان کے مطابق کچے کے علاقے میں خفیہ اطلاعات پر ٹارگٹڈ آپریشن بدستور جاری ہے، پولیس کچے اور پکے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے رہی ہے۔