خلاصہ
- گوجرانوالہ:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں گھر سے ماں اور بیٹی کی گلہ کٹی لاشیں برآمد ہونے کے واقعے کا آئی جی پنجاب عبدالکریم نے نوٹس لے لیا۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ کو تمام پہلوؤں سے تحقیقات اور واردات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کے دلخراش واقعہ تھانہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے محلہ محمد پورہ میں پیش آیا، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
حکام نے بتایا کہ مقتول خواتین کی شناخت خالدہ بی بی اور ان کی 21 سالہ بیٹی رومیشہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر سی پی او گوجرانوالہ، سینئر پولیس افسران، فرانزک اور تفتیشی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے۔
سی پی او گوجرانوالہ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا، مقتولہ خالدہ بی بی کا خاوند عباس بیرون ملک مقیم ہے۔