قیاس آرائی کے بجائے لوگوں کو خوشحال زندگی کے گیت گانے چاہئیں، ستوپا سکدار کی میڈیا سے گفتگو
لاہور(نیٹ نیوز) اداکار عرفان خان نے 5 دن قبل اپنے مداحوں کو بری خبر سے آگاہ کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے ۔ اداکار نے مداحوں اور دوستوں سے دعا کی گزارش اورلوگوں سے قیاس آرائیاں نہ کرنے کی اپیل بھی کی تھی تاہم اداکار کی وضاحت سے قبل ہی عرفان خان کی بیماری سے متعلق چہ مگوئیاں ہونے لگیں انکا جواب دینے کیلئے اس بارعرفان کی اہلیہ اور فلم پروڈیوسرستوپا سکدار کو خاموشی توڑنی پڑی اور میدان میں آکر بیماری سے متعلق وضاحت کر دی۔
ستوپا سکدار نے بتایا تاحال ان کے شوہر کے مرض کا حتمی پتہ نہیں چلا ،لوگوں کو قیاس آرائیوں پر اپنی توانائی خرچ کرنے کے بجائے خوشحال زندگی کے گیت گانے چاہئیں۔ اداکار کی اہلیہ کا کہنا تھا ان کے شوہر اس وقت مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ بھی مشکلات میں ہیں ، تاہم لوگوں کو عرفان کی بیماری سے متعلق چہ مگوئیاں کرنے کے بجائے صبر کرنا چاہیے۔ ستوپا سکدار نے بھی عرفان خان کو لاحق ہونیوالے مرض سے متعلق حتمی اور تصدیقی طور پر کچھ بھی نہیں بتایا۔