کراچی (دنیا نیوز ) بیگم نوازش علی کے نام سے شہرت پانے والے اداکار علی سلیم کو نشے کی حالت میں ایک گیسٹ ہائوس سے حراست میں لے لیا گیا، اداکار کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی۔
ایس ایس پی سائوتھ عمر شاہد حامد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ علی سلیم کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اطلاع ملنے پر کلفٹن کے علاقے میں ایک گیسٹ ہائوس پر چھاپہ مارا تو علی سلیم اپنے ساتھیوں سمیت نشے کی حالت میں وہاں موجود تھے۔
پولیس نے تمام افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب مقامی عدالت نے 10 ہزار روپوں کے مچلکوں کے عوض علی سلیم اور ان کے ساتھ حراست میں لئے جانے والے ملزموں کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
پولیس ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جب وہ گیسٹ ہائوس پہنچے تو علی سلیم گیسٹ ہائوس کے منیجر کے ساتھ وہاں موجود تھا۔ انہوں نے گیسٹ ہائوس کی تلاشی لی تو علی سلیم کے ساتھ والے کمرے میں فلمسٹار میرا بھی موجود تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جب اس واقعے کی اطلاع گیسٹ ہائوس سے باہر نکلی تو کراچی کی ایک معروف سیاسی شخصیت نے پولیس کو فون کر کے میرا کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کرنے کا حکم دیا جس کے بعد اس سیاسی شخصیت کے حکم پر میرا کو ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ویڈیو دیکھیں