ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار رشی کپور نے اپنے بیٹے رنبیر کپور کو عالیہ بھٹ سے شادی کی اجازت یہ کہتے ہوئے دے دی ہے کہ رنبیر جس سے چاہے شادی کرے یہ اس کی زندگی ہے اور انھیں عالیہ بھٹ سے شادی پر کوئی اعتراض نہیں۔
حال ہی میں بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے رشی کپور نے اپنے بیٹے رنبیر کپور اورعالیہ بھٹ کی شادی کے بارے میں گردش کرنے والی خبروں کے بارے میں کہا کہ انہیں رنبیر اور عالیہ کی شادی پر اعتراض نہیں، یہ رنبیر کی زندگی ہے وہ جس سے چاہے شادی کرسکتا ہے۔
رشی کپور نے عالیہ بھٹ کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں، میری بیوی نیتو اور رنبیر ہم تینوں کی عالیہ مشترکہ پسند ہے، میں اپنے بیٹے پر اپنی مرضی نہیں چلانا چاہتا، میں نے اور میرے دونوں چچاؤں شمی اور ششی کپور نے بھی اپنی مرضی سے شادی کی تھی۔ اس لیے میرے بیٹے کو بھی پورا حق ہے کہ وہ جسے چاہے اپنا جیون ساتھی بنائے اور اب رنبیر کو شادی کرلینی چاہئے کیونکہ میں اپنے پوتے اور پوتی کو کھلانا چاہتا ہوں۔