لاہور: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے سابق منیجر انرباہ داس بلا نے متعدد اداکاراؤں اور ماڈلز کے جنسی ہراسگی اور ریپ کے الزامات کے بعد زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں ولیس اہلکاروں نے بچا لیا۔
بھارت میں ان دنوں می ٹو مہم جاری ہے۔ اس حوالے سے اداکارہ دپیکا پڈوکون کے سابق منیجر اور ایک ٹیلنٹ فلم ایجنسی کے شریک بانی انرباہ داس بلا پر بھی متعدد نئی اداکاراؤں اور ماڈلز نے جنسی طور پر ہراسگی اور ریپ کے الزامات عائد کئے تھے ،انرباہ داس بلا نے اگرچہ الزامات کو مسترد کیا تھا تاہم مسلسل ذہنی پریشانی اور دباؤ کے باعث انہوں نے گزشتہ شب 12 بجے کے بعد ممبئی کے واشی پرانا پل سے کود کر زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بچا لیا۔
رپورٹ کے مطابق انرباہ داس بلا نے پولیس کو بتایا وہ الزامات عائد کئے جانے کے بعد سخت دباؤ اور ڈپریشن کا شکار تھے۔ واضح رہے کہ انرباہ پر الزامات سامنے آنے کے بعد انہیں دپیکا کی تنظیم دی لائیو لو لاف فاؤنڈیشن نے ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔