ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکار ایوشمان کھرانہ کا کہنا ہے کہ یامی گوتم کیساتھ فلم کے سین پر اہلیہ 3 سال ناراض رہی، اداکار اس وقت اپنی فلم 'بدھائی ہو' کی باکس آفس پر کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔
اس حوالے سے ایک تقریب میں اداکار کا کہنا تھا کہ جب میری اہلیہ نے پہلی مرتبہ ساتھ بیٹھ کر ’وکی ڈونر‘ دیکھی تو اس میں موجود اداکارہ یامی گوتم کو دئیے بوسے کا سین دیکھ کر وہ بیحد ناراض ہو گئیں اور تب انہوں نے میرا ہاتھ چھوڑ دیا۔ اس کے بعد تین سال تک ہمارا رشتہ اس ایک سین سے متاثر رہا، جس کے بعد آخر کار سب کچھ ٹھیک ہو گیا۔
بھارتی اداکار نے یہ بھی بتایا کہ ان کی اہلیہ کو فلم کے سکرپٹ کا معلوم تھا لیکن سکرین پر اس سین کو دیکھنے کے بعد وہ افسردہ ہو گئیں۔ طاہرہ ایوشمان کی پہلی فلم کی شوٹنگ کے دوران حاملہ تھیں جنہوں نے پہلے بیٹے کو فلم کی ریلیز سے تین ماہ قبل ہی جنم دیا۔ ایوشمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ طاہرہ اب ان کے اس قسم کے سین دیکھ کر ناراض نہیں ہوتی۔