اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کی مہنگی ترین سمجھی جانے والی فلم’ٹھگ آف ہندوستان‘ ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہو گئی، جس کی وجہ پرڈیوسر و ہدایت کار کے خلاف شکایت کا درج ہونا ہے۔
شائقین بالی وڈ کی مہنگی ترین فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کا انتظار بے چینی سے کررہے ہیں تاہم عامر خان کی فلم ریلیز سے قبل ہی مشکل کا شکار ہو گئی۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر جون پور کے شہری ہنس راج چوہدری نے فلم کے پروڈیوسر، ہدایت کار اور عامر خان کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔
شکایت کنندہ اور نشاد (ملاح) سوسائٹی نے فلم کا نام تبدیل کرنے اور فلم میں عامر خان کے نام ’فرنگی ملاح‘ سے فرنگی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ فلم کی شہرت میں اضافے اور زیادہ پیسے کمانے کے لیے جان بوجھ کر فلم کانام ’ٹھگ آف ہندوستان‘ رکھاگیا ہے اس کے علاوہ نشاد سوسائٹی کو فلم میں ٹھگ اور فرنگی کہا گیا ہے جس سے اس سوسائٹی کی بے عزتی ہوتی ہے۔
شکایت میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ جب یہ کہانی کان پور ضلع کی ہے تو فلم کا نام ’ٹھگ آف ہندوستان‘کیوں رکھا گیا ہے، فلم میں عامر خان فرنگی ملاح نامی ٹھگ کا کردار نبھارہے ہیں، فلم میکرز جانتے تھے کہ اس کے خلاف احتجاج ہوگا اور اس وجہ سے یہ فلم اور چلے گی۔ اس کیس کی سماعت 12 نومبر کو ہوگی۔
واضح رہے کہ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘کی کہانی انگریزی ناول سے لی گئی ہے فلم میں عامر خان کے ساتھ پہلی بار امیتابھ بچن ایکشن میں نظرآئیں گے جب کہ اداکارہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی اہم کردار نبھارہی ہیں فلم دیوالی کے موقع پر 8 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔