ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت اپنی فلم ’’منی کارنیکا، کوئین آف جھانسی‘‘ کی تشہیر کیلئے جھوٹ بولنے سے بھی باز نہ آئیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں ’’کرنی سینا‘‘ نامی تنظیم پر دھمکی دینے کا الزام لگا دیا۔
بھارتی میڈیا میں "منی کارنیکا" فلم کے حوالے سے افواہیں گردش میں ہیں جن کے مطابق مقامی تنظیم کرنی سینا نے شوٹنگ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے ہیں۔ کنگنا رناوت نے بھی الزام لگایا کہ مذکورہ تنظیم کے عہدیدار ان کو دھمکیاں دے رہے ہیں تاکہ فلم مکمل نہ ہونے پائے۔
جس کے بعد کرنی سینا تنظیم کا موقف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے فلم کو لے کر کنگنارناوت کو کوئی دھمکی دی ہی نہیں۔ یہ بیان آتے ہی بھارتی میڈیا میں ایک بار پھر اداکارہ کنگنا کے خلاف خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ اداکارہ جان بوجھ کر جھو ٹ بول رہی ہیں تاکہ اپنی نئی فلم کی پروموشن کر سکیں۔