ممبئی: (روزنامہ دنیا) ممبئی میں 5 منزلہ 'نیشنل میوزیم آف انڈین سینما' عوام کیلئے کھول دیا گیا، خاموش بلیک اینڈ وائٹ فلموں سے لے کر موسیقی اور رقص سے بھرپور بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلموں کے سفر کو اب ممبئی کے ایک فلمی عجائب گھر میں دیکھا جا سکتا ہے جسے عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
14 ارب روپے کی لاگت سے تیار کردہ یہ عجائب گھر جنوبی ممبئی میں تعمیر کیا گیا ہے، اس پانچ منزلہ جدید عمارت کی بیرونی سطح پر شیشے کا استعمال کیا گیا ہے۔ سرکاری رقم سے تیار کئے گئے نیشنل میوزیم آف انڈین سینما میں پرانی ریکارڈنگز، فلم سازی کیلئے استعمال ہونے والا سامان اور ٹچ سکرینز بھی رکھی گئی ہیں، جن سے لوگ یادگار فلموں کے بہترین مناظر کو دیکھ سکتے ہیں۔
فلموں کے شائق افراد اس عجائب گھر میں 1913 میں بنائی گئی بھارت کی پہلی فیچر فلم راجہ ہریش چندرا کے بارے میں جان سکتے ہیں اور پہلے سپر سٹار سمجھے جانے والے کے ایل سہگل کی ریکارڈرنگز کو سن سکتے ہیں۔