ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ شاعر جاوید اختر کو گھونگھٹ پر پابندی کے مطالبہ پر دھمکیاں ملنے لگیں۔ ہندو انتہا پسند جماعت کرنی سینا نے جاوید اختر کو دھمکی دی ہے کہ اپنے بیان پر تین دن کے اندر معافی مانگیں ورنہ انہیں ان کے گھر میں گھس کر ماردیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرنی سینا کے سربراہ جیون سنگھ سولنکی نے جاوید اختر کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اپنی حد میں رہو، راجستھان کی ثقافت پر انگلی نہیں اٹھاؤ، میں کہنا چاہتا ہوں کہ 3 دن کے اندر اپنے بیان پر معافی مانگو ورنہ کرنی سینا کا غصہ جھیلنے کے لیےتیار رہو۔
جیون سنگھ نے سنجے لیلا بھنسالی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا بھنسالی صاحب سے پوچھ لینا کرنی سینا کس طرح جواب د یتی ہے، اگرراجستھان کی ثقافت پر کسی نے انگلی اٹھائی تو کرنی سینا اس کی آنکھ باہرنکالنے کی ہمت رکھتی ہے، ہم 3 دن کا وقت دے رہے ہیں معافی مانگ لو ورنہ گھر میں گھس کر ماریں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل جاوید اخترنے ایک تقریب کے دوران شیوسینا اور بی جے پی کی جانب سے برقع اورنقاب پر پابندی کے مطالبے پر کہا تھا کہ برقع پر پابندی کا قانون پاس ہوا تو ریاست راجستھان کی ہندو خواتین کے گھونگھٹ پر بھی پابندی عائد ہونی چاہیے۔