لاہور: (ویب ڈیسک) ہانیہ عامر خود کو عالیہ بھٹ سے ملوانے پر خوشی سے نہال ہو گئیں۔ انہوں نے فلم انڈسٹری میں زیادہ کام ملنے اور کامیابی کی وجہ بھی بالی ووڈ اداکارہ کو قرار دیدیا۔
اداکارہ ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ کسی بھی پروڈیوسر کو کم عمر اداکارہ، چہرے پر معصومیت اور ڈمپل والی لڑکی کی ضرورت ہو تو سب سے پہلے مجھ سے رابطہ کیا جاتا ہے۔ عالیہ کو اگر بھارت میں کسی برانڈ میں شامل کیا جاتا ہے تو پاکستانی کمپنیاں مجھ سے رابطہ کر کے کمرشل میں کام کے لیے کہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی تہہ دل سے مشکور ہوں۔ ان سے ملاقات کی متمنی ہوں۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کی مداح ہوں۔ ان کی بہت سی فلمیں دیکھ چکی ہوں۔ دپیکا پڈوکون اور پریانکا کی اداکاری اچھی لگتی ہے۔ پاکستان میں ماہرہ خان کی اداکاری پسند کرتی ہوں۔
ایک انٹرویو کے دوران کراچی میں پیدا ہونے والی اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری فیملی میں سے کوئی بھی شوبز انڈسٹری میں کام نہیں کرتا۔ ہم دو بہنیں ہیں، مجھ سے چھوٹی بہن ابھی پڑھ رہی ہے، امی کو زمانہ طالب علمی میں اداکاری کا شوق تھا لیکن انہوں نے اسے پروفیشن نہیں بنایا۔