کراچی: (روزنامہ دنیا) کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے پر اداکارہ و ماڈل ارمینا خان کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں ملنے لگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مجھے کشمیر کی حمایت کرنے پر سنسر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ارمینا خان نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں میں کشمیر میں انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھا رہی ہوں، اس حوالے سے مجھے خطروں کا بھی علم تھا اور اس سے میرے کئی پراجیکٹس بھی ختم ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب مجھے کشمیر کی حمایت کرنے پر سنسر کیا جا رہا ہے اور میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند ہو سکتے ہیں لیکن میں خاموش نہیں رہوں گی، اب دیکھنا ہے میراساتھ کون کون دیتا ہے۔