اسلام آباد: (دنیا نیوز) دورہ پاکستان پر چار کپتانوں سمیت 10 سینئر سری لنکن کھلاڑیوں کے نہ آنے کے پیچھے بھی جنونی بھارتیوں کی سازش نظر آنے لگی، آئی پی ایل سے آؤٹ کرنے کی دھمکی کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آڑے ہاتھوں لیا۔
آئی لینڈرز کے سیکورٹی وفد کے کامیاب دورہ اور مکمل اطمینان کے باوجود انکار، میڈیا کے مطابق کپتان لیستھ ملینگا، کرونارتنے اور دنیش چندی مل کے علاوہ اینجلو میتھیوز سمیت 10 سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ سنا دیا۔ ڈک ویلا، کوشال پریرا، دھننجایا ڈی سلوا، تھیسارا پریرا، آکیلا دھننجایا، سورانگا لیکمل اور دنیش چندی مل بھی پاکستان نہ آنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ستائیس ستمبر سے تین ون ڈے اور تین ہی ٹی 20 میچز کی سیریز شیڈول ہے جس کے لیے نئے لنکن کپتانوں کا اعلان کردیا گیا، لہیرو تھری مانے ٹی ٹوئنٹی اور داسون شناکا ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔
کھیل سے بھارت کا کھیلواڑ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹویٹ میں انکشاف کر دیا، لکھتے ہیں کہ لنکن کرکٹرز، آئی پی ایل حکام کی دھمکی کے باعث پاکستان نہیں آ رہے۔ کیونکہ انہیں کہا گیا ہے کہ اگر وہ پاکستان گئے تو ان پر لیگ کھیلنے کے دروازے بند ہو جائیں گے۔
کرکٹ کے میدان کی خبر رکھنے والے لوگ بتا رہے ہیں کہ انڈین کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں نے سری لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر گئے تو IPL سے خود کو فارغ سمجھیں، خلاء سے لے کر کرکٹ تک ہر معاملے میں نفرت انگیزی انتہائ جاھلانہ ہے، سپورٹس اتھارٹیز کو شرم آنی چاہئے اگر ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 10, 2019
اس بھارتی گھٹیا حرکت پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کھل کر کھیلےکہ خلاء سے لے کر کرکٹ تک ہر معاملے میں نفرت انگیزی انتہائی جاہلانہ ہے، سپورٹس اتھارٹیز کو شرم آنی چاہئے اگر ہے۔