لاہور: (دنیا نیوز) گلوکار راحت فتح علی خان خفیہ بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے ایف بی آر کو مطمئن نہ کر سکے۔ ایف بی آر نے جواب جمع کرانے کیلئے کل تک کی مہلت دیدی۔
راحت فتح علی خان کو خفیہ اکاؤنٹس میں موجود رقوم گوشواروں میں ظاہر نہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔ انٹیلی جنس ان لینڈ ریونیو کی ٹیم نے خفیہ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ٹیکس آفس کو بھجوائی تھیں۔ ایف بی آر نے راحت فتح علی خان کو جواب جمع کرانے کیلئے 15 جنوری تک کی مہلت دے رکھی ہے۔
ایف بی آر نے راحت فتح علی خان کا انکم ٹیکس سال 2014ء کا دوبارہ آڈٹ بھی شروع کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق گلوکار کی ٹریول ہسٹری بھی طلب کی گئی۔
راحت فتح علی خان کو سال 2014ء کا پہلے ہی 6 لاکھ 2 ہزار 473 روپے کا ٹیکس عائد کیا جا چکا ہے۔ تھرڈ پارٹی انفارمیشن ملنے پر آڈٹ دوبارہ شروع کیا گیا۔ 7 اور 24 دسمبر کو جواب طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق راحت فتح علی خان مقررہ وقت پر جواب جمع کروانے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔