بھارت میں کورونا وائرس نے مزید دو اداکاروں کی جان لے لی

Published On 06 May,2021 05:14 pm

ممبئی (ویب ڈیسک) گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بھارت میں کورونا وائرس کے باعث معروف شخصیات انتقال کر چکی ہیں، ان میں مزید دو کا اضافہ ہوا ہے ، سابق اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی فلم چھچھورے کی اداکارہ ابھی لاشا پاٹل اور مزاحیہ اداکار پانڈو کورونا وائرس کے باعث چل بسے

اداکارہ ابھی لاشا کئی مراٹھی فلموں میں بھی کام کرچکی تھیں۔ اس کے علاوہ وہ عالیہ بھٹ اور ورون دھون کی فلم ’’بدری ناتھ کی دلہنیا‘‘ اور کرینہ کپور کے ساتھ فلم ’’گڈ نیوز‘‘ میں بھی کام کرچکی تھیں۔

اداکارہ کی موت کی خبر سن کر مراٹھی اور بالی ووڈ انڈسٹری صدمے میں ہے۔ ڈائریکٹر ششانک نے ابھی لاشا پاٹل کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت محنتی اداکارہ تھیں۔ ہم نے ایک ساتھ کام کیا تھا۔ ابھی لاشا کی موت کی خبر سن کر مجھے بہت افسوس ہوا اور اپنے احساسات بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

بھارتی تامل فلموں کے مزاحیہ اداکار پانڈو بھی آج صبح کورونا وائرس کے باعث چل بسے۔ ان کے علاوہ کچھ روز قبل بھارتی اداکار و پروڈیوسر للت بہل اور معروف موسیقار شرون راتھور بھی کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔
 

Advertisement