لاہور: (ویب ڈیسک) رکن سندھ اسمبلی کے ساتھ شادی کے بعد اداکارہ اور ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ میری شادی سندھ کے صوبائی وزیر کے ساتھ ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ نے کہا کہ جی میری شادی ہو گئی ہے، میرے شوہر کے قریبی دوستوں کو ہماری شادی کا علم ہے۔ شوہر مجھ سے کافی بڑے ہیں، میری شوہر رکن سندھ اسمبلی ہیں اور وہ پہلے سے ہی شادی شدہ ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہئے انہوں نے کہا کہ میرے شوہر چند روز میں اپنی پہلی بیوی کو راضی کر لیں گے، جب ان کی پہلی بیوی راضی ہو جائیں گی تو میں اپنے شوہر کا نام سوشل میڈیا کے ذریعے بتا دوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: حریم شاہ کی شادی کے چرچے، ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے شوہر کراچی میں مقیم ہیں، اور وہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے ہیں اور وہ صوبائی وزیر بھی ہیں، اپنی شوہر کی اجازت سے ان کی تصویر شائع کروں گی۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ شوہر اسمبلی اجلاس میں شرکت بھی کرتے ہیں میری شادی میں بلاول بھٹو موجود نہیں تھے۔ میری شادی میں پیپلز پارٹی کی سینئر خاتون رہنما نے شرکت کی، وہ اس وقت سینیٹر بھی ہیں۔
معروف ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ ہمیشہ سے ہی سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بنی رہی ہیں، کبھی سیاستدانوں کے ساتھ ان کی تصاویر وائرل ہوتی ہیں تو کبھی مفتی قوی کے ساتھ ویڈیو سامنے آنے پر تنازع کھڑا ہوجاتا ہے تاہم اس بار سوشل میڈیا پر انکی شادی کے چرچے ہو رہے ہیں جبکہ اس حوالے سے نجی ٹی وی کی ویب سائٹ نے حریم شاہ کی معروف سیاستدان سے شادی کی بھی تصدیق کی ہے۔
حریم شاہ نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے انگوٹھی پہنی ہوئی تھی تاہم نجی ٹی وی کے مطابق حریم شاہ نے انٹرویو میں شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں تاہم یہ سیاستدان کون ہے اس حوالے سے انہوں نے کچھ بھی بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد اس حوالے سے مداحوں کو آگاہ کریں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال شیخ رشید کے ساتھ حریم شاہ اور صندل خٹک کی ویڈیو کال سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جب کہ ایک انٹریو میں حریم شاہ نے شیخ رشید احمد کی شادی کے حوالے سے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے اب تک شادی میری وجہ سے نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ اس خبروں کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان کی شادی کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے، مداحوں کی بڑی تعداد مبارکباد دے رہے ہیں۔
صوبائی وزیر مرتضیٰ وہاب حریم شاہ سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے ہاتھ صاف ہیں۔