لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک افسوسناک خبر ہے ، سینئر فنکار محمد انوراقبال بلوچ انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر فنکار محمد انور اقبال بلوچ گزشتہ چند روز دل کے عارضے میں مبتلا تھے، کچھ عرصے قبل انہیں کینسر کی بھی تشخیص ہوئی تھی۔ نماز جنازہ آج رات بیت المکرم مسجد میں ادا کی جائے گی۔
اہلِ خانہ کے مطابق انور اقبال بلوچ کی تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایک ماہ قبل اہلیہ کورونا سے جاں بحق ہوئی تھیں۔ انہوں نے 4 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔
ڈرامہ سیریل ’شمع‘ میں اداکاری کے جوہر دِکھا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے انور اقبال بلوچ نے بےشمار اردو اور سندھی ڈراموں میں کام کیا۔
جامعہ کراچی سے ماسٹرز کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے 1976 میں پروڈکشن سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
بلوچی زبان کی پہلی فلم ’حمل و ماہ گنج‘ بنانے کا کریڈٹ بھی انہی کے نام ہے، اس فلم کو پروڈیوس بھی انور اقبال نے کیا تھا جبکہ اس میں بطور ہیرو بھی خود ہی آئے تھے۔
اس فلم کی کہانی نامور شاعر سید ظہور شاہ ہاشمی نے لکھی تھی جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں انیتا گل، نادر شاہ عادل، اے آر بلوچ ، نور محمد لاشاری شامل تھے۔
اداکاری کی دنیا میں نام کمانے والے انور اقبال اداکاری کے علاوہ ایک استاد بھی رہے ، وہ اپنی حیات میں ایک نجی اسکول میں بچوں کو تعلیم دیتے رہے۔