اداکار عمر شریف نے اپنی تیسری اہلیہ کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

Published On 19 July,2021 08:33 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈری اداکار عمر شریف نے اپنی تیسری اہلیہ کیخلاف جائیداد کی فروخت رکوانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر شریف شدید علالت میں وہیل چیئر پر عدالت پہنچے۔ ان کا کیس جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل بنچ کے روبرو سنا گیا۔

عمر شریف کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل نے 2016ء میں بینک سے قرضہ لے کر اپارٹمنٹ خریدا تھا۔

وکیل نے کہا کہ عمر شریف شدید بیمار ہیں اور انہیں بھولنے کی بیماری ہے، ان کی تیسری اہلیہ زرین غزل نے دسمبر 2020ء میں انہیں خوفزدہ کرکے اپارٹمنٹ اپنے نام کرا لیا تھا جس کی قیمت تقریباً 11 کروڑ روپے ہے۔

انہوں نے عدالت کے روبرو کہا کہ اداکار عمر شریف کو خدشہ ہے کہ ان کی تیسری اہلیہ یہ بیش قیمت اپارٹمنٹ فروخت کرنا چاہتی ہیں لہٰذا عمر شریف کی جانب سے اس تحفے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے عمر شریف کی تیسری اہلیہ زرین غزل کو اپارٹمنٹ فروخت کرنے سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
 

Advertisement