لاہور:(دنیا نیوز)مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کرنے کے معاملے پر عدالت نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
لاہور کی مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کے معاملے پراداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا گیا جس میں عدالت نے دونوں کی مستقل حاضری کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جویریا منیر بھٹی نے درخواستوں پر حکم جاری کیا کہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہوں جبکہ دونوں کی مستقل حاضری معافی کی درخواست بے بنیاد ہے اور درخواست میں کوئی ٹھوس وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ دونوں کے خلاف گزشتہ برس اگست میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر علی خان میں گانے کی شوٹنگ کے دوران مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا مقدمہ دائر کروایا گیا تھا۔