سڑکیں کترینہ کیف کے گالوں کی طرح بنائی جائیں:بھارتی وزیر کی ویڈیو وائرل

Published On 24 November,2021 06:30 pm

نئی دہلی:(ویب ڈیسک)بھارتی وزیر نے انوکھی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں کو کترینہ کیف کے گالوں کی طرح ہموار بنایا جائے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی ریاست راجستھان کے وزیر راجیندرا سنگھ گودھا کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جو کہ تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہے۔

انڈین نیوز ایجنسی کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر راجیندرا سنگھ عوام سے خطاب کررہے ہیں جس دوران لوگوں نے ان سے مطالبہ کیا کہ ہمارے علاقے کی سڑکیں جلد از جلد ٹھیک ہونی چاہئیں۔

بھارتی وزیر نے لوگوں کے اس مطالبے پر محکمہ تعمیرات کے چیف انجینئر کو کہا کہ سڑکیں کترینہ کیف کے گالوں کی طرح ہموار اور ملائم بننی چاہئیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اداکاراؤں کے گالوں کی مثال سڑکوں کیلئے دی گئی ہو،قبل ازیں 2005 میں سابق بھارتی وزیر لالو پرساد یادیو نے بھی کہا تھا کہ بہار کی سڑکیں اداکارہ ہیما مالنی کے گالوں کی طرح بنائی جائیں۔

راجیندرا سنگھ کی جانب سے کہے گئے اس جملے کو وہاں پر موجود لوگوں نے کافی محظوظ کیاجبکہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہے۔
 

Advertisement