لاہور: (دنیا نیوز) مسجد وزیر خان میں ڈانس ویڈیو کیس میں نامزد ادکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کو بڑا ریلیف مل گیا۔ سیشن عدالت نے دونوں ملزمان کو الزامات سے بری کر دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج نے صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی بریت کی درخواستیں مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مسجد وزیر میں گانے کی عکسبندی کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو بریت کی درخواستیں دائر کی، تاہم مجسٹریٹ نے حقائق کے برعکس بریت کی درخواستیں مسترد کر دی۔
درخواست گزار نے سیشن عدالت سے استدعا کی کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر بریت کی درخواستیں منظور کی جائیں۔ ایڈیشنل سیشن نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنا دیا اور صبا قمر اور بلال سعید کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کو الزامات سے بری کر دیا۔
خیال رہے گلوکار بلال سعید اور صبا قمر کے خلاف مسجد وزیر خان میں گانے کی عکسبندی کرنے کے الزام میں مقامی تھانے مین مقدمہ درج کیا گیا تھا۔