لاہور میں عید کی دو روزہ تعطیل کے بعد سبزی منڈیاں فعال، سپلائی شروع

Published On 05 May,2022 11:25 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں دو روزہ تعطیل کے بعد شہر کی سبزی منڈیاں فعال ہو گئیں، مختلف شہروں اور اضلاع سے سبزیوں کی سپلائی شروع ہو گئی۔ منڈیوں میں پیاز، ٹماٹر اور بھنڈی سمیت دیگر سبزیاں پہنچنے لگیں۔ کل سے سبزیوں کے نرخ نامے جاری ہوں گے۔

عید کے دوران منڈیاں بند ہونے سے سپلائی معطل رہی، طلب و رسد بگڑنے سے سبزیوں کے دام بے لگام رہے۔ ٹماٹر120 سے140 روپے، پیاز 100 روپے کلو، لہسن 380 روپے جبکہ ادرک 300 سے 350 روپے کلو تک بکتے رہے۔سبز مرچ 150 روپے، ہرے دھنیئے کی گٹھی 50 روپے اور لیموں 1000 روپے کلو تک پرچون بازار میں فروخت ہوتے رہے۔

منڈیوں میں سبزیوں کی سپلائی دوبارہ شروع ہونے سے قیمتوں میں کمی متوقع ہے، دو روزہ تعطیل کے بعد شہر کی سبزی منڈیاں فعال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ مرکزی سبزی منڈی بادامی باغ میں آج سے سبزیوں کی بولی شروع ہو گئی، کل سے سبزیوں کے پرچون نرخ نامے جاری ہونگے۔

عید کے تینوں ایام میں برائلر گوشت کی قیمت 374 روپے کلو رہی جبکہ زندہ برائلر کے دام آج بھی ہول سیل میں 250 روپے اور پرچون قیمت 258 روپے کلو مقرر رہی۔ فارمی انڈوں کی بھی تین دن سے ایک ہی قیمت برقرار ہے جو فی درجن قیمت 146 روپے مقرررہی۔
 

Advertisement