لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں جاری ہیٹ ویو نے شہریوں کا امتحان لینا شروع کر دیا۔ لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 24.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ ہیٹ ویو 2 مئی تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہ مارچ کے دوران ہی تیکھے تیور دکھانے والی گرمی نے اپریل کے اختتام پر مزید شدت اختیار کرلی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں جاری ہیٹ ویو کے باعث سورج کے مزاج مزید برہم ہوگئے ہیں کہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 24.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ہیٹ ویو کا سلسلہ 2 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کےدوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 30 برسوں کے دوران ماہ اپریل کے دوران سب سے زیادہ گرمی 2010 میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین موجودہ صورت حال کو موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ بھی قرار دے رہے ہیں۔