وزیراعظم کا دورہ لاہور، پی کے ایل آئی میں سہولتوں کا جائزہ، جاتی امرا قبروں پر حاضری

Published On 24 April,2022 08:10 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم نے اپنے دورہ لاہور میں پی کے ایل آئی میں صحت کی سہولتوں کا جائزہ لیا، جوہر ٹاؤن رمضان بازار کا معائنہ کیا اور جاتی امرا میں والدین کی قبروں پر حاضری دی۔

وزیراعظم کا دورہ پی کے ایل آئی

وزیر اعظم شہباز شریف پی کے ایل آئی ہسپتال پہنچے، چیف سیکرٹری کامران افضل، کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرد محمد عثمان اور سیکرٹری صحت نے ان کا استقبال کیا، شہباز شریف نے ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ لیا، وزیر اعظم کو انتطامات پر بریفنگ دی گئی، شہباز شریف نے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

شہبازشریف ہسپتال میں ڈاکٹرز کی بریفنگ کے دوران برہم ہوئے اور کہا کہ آپ کی بریفنگ سے مطمئن نہیں ہوں، انہوں نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ 2 روز میں تفصیلی بریفنگ دی جائے۔

وزیراعظم نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں سے علاج کی مد میں اتنے پیسے لے رہے ہیں، 20 آپریشن یونٹس میں سے 14 کیوں بند ہیں؟ آخری دورہ مارچ 2018 میں کیا، 9 کروڑ عطیہ دیا، آلات آئے یا نہیں؟ شہبازشریف کے سوال پر ہسپتال انتظامیہ جواب دینے سے قاصر نظر آئی۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی صورتحال کا 48 گھنٹے میں بحالی کا جائزہ لوں گا، پی کےایل آئی میں 20 آپریٹنگ یونٹس ہیں، 20 آپریٹنگ یونٹس میں سے صرف 6 آپریشنل ہیں، دورے کا مقصد طبی سہولیات کا جائزہ لینا ہے، پی کے ایل آئی صرف پنجاب نہیں، پورے ملک کیلئے ہے، 17 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، فنڈز اکٹھے کرنےکیلئے ہم ٹرسٹ بنائیں گے، 83 فیصد مریضوں کا علاج پیسے لے کر کیا جا رہا ہے، صاحب حیثیت افراد پوری رقم دے کر یہاں سے علاج کرائیں، ان کا پیسہ غریب افراد کےعلاج کے لیے خرچ ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 10سال میں جگر کے ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 ارب روپے دیئے، نیب کے عقوبت خانوں میں 2 بار ہو کر آیا ہوں، مفت علاج کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے، گزشتہ حکومت نے مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا، بطور وزیراعلیٰ مریضوں کے مفت علاج کیلئے اربوں روپے فراہم کیے، متعلقہ حکام کو ہسپتال جلد مکمل فعال کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، عوام کی فلاح کیلئے کوشاں ہیں، ضرور کامیاب ہوں گے۔

جاتی امرا میں قبروں پر حاضری

وزیر اعظم نے جاتی امرا میں اپنے والدین، بھابھی کلثوم نواز اور بھائی عباس شریف کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم کا رمضان بازار کا دورہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے اچانک جوہر ٹاؤن رمضان بازار کا دورہ بھی کیا، رمضان بازار میں عوام کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔

ماڈل ٹاؤن میں اپنے قریبی عزیز و اقارب سے ملے

ماڈل ٹاؤن میں اپنے قریبی عزیز و اقارب سے ملے، شہباز جاوید شفیع اور زاہد شفیع کی رہائش گاہ پر گئے، قریبی عزیز وں نے انہیں وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔


وزیراعظم کا پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ کیا اور پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ جو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہرممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔

انہوں نے کوٹ لکھپت جیل حکام کو خصوصی تاکید کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب ذرائع کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے، اس تناظر میں وزیراعظم نے قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی تاکید کی۔

وزیراعظم نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو موثر طور پر استعمال میں لانے کی خصوصی ہدایت کی تاکہ قیدی اپنے آپ کو سزا کے بعد معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے تیار کرسکیں۔

شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے گی۔ اس کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران شامل ہوں گے۔

کوٹ لکھپت جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، جیل سمیت تمام جیلوں میں سہولتوں میں اضافے اور اسکول ڈسپنری بہتر کرنے کی ہدایت کی، لنگر خانہ، ہسپتال کا بھی دور ہ کیا اور بیمار قیدیوں کی تیمار داری کی۔

آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے جیلوں کے امور کے حوالے سے وزیراعظم کو اہم بریفنگ بھی دی۔
 

Advertisement