لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی عمرے پر جانے کے لیے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے ای سی ایل کے بنائے گئے نئے رولز بھی طلب کر لیے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 27 اپریل کو عمرے کی ادائیگی کے لیے جانا چاہتی ہوں، عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر کیا ہوا ہے، عدالت پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔
دوران سماعت مریم نواز کے وکیل نے بتایا کہ مریم نواز کی اس عدالت کے سامنے درخواست صرف پاسپورٹ کی واپسی کی حد تک ہے، ای سی ایل میں نام کے حوالے سے حکومت خود دیکھے گی، آخری عشرہ ہے، مریم نواز عمرہ پر جانا چاہتی ہیں، یہ نیکی کا کام ہے۔ جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ نیکی کر دریا میں ڈال۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ ای سی ایل کے حوالے سے جو رولز بنے ہیں وفاقی حکومت وہ رولز پیش کریں۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے ای سی ایل کے نئے رولز مانگ لئے۔
عدالت نے مریم نواز کی درخواست پر نیب کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔ اس سے قبل مریم نواز کی درخواست پر جسٹس شہباز رضوی نے سماعت سے معذرت کی تھی۔