وزیراعظم کا بغیر پروٹوکول کے لاہور کے علاقوں کا دورہ، صفائی کی صورتحال کا جائزہ

Published On 05 May,2022 10:55 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بغیر پروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، مزنگ اور سمن آباد میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں کے دورے دوران وزیر اعظم شہباز شریف گاڑی میں بھی مسلسل گفتگو کر تے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کو عام آدمی کی تکالیف سے کوئی سروکار نہیں تھا، عام آدمی کی کمر مہنگائی نے توڑ کر رکھ دی، غفلت اور کرپشن کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا، بجلی کے وافر منصوبے ہونے کے باجود بجلی کی لوڈشیڈنگ رہی۔

وزیراعظم علی پرویز ملک کے گھر بھی گئے اور ایم این اے سے ملاقات کی، اس موقع پر شائستہ پرویز ملک اور اہل خانہ بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے رکنِ قومی اسمبلی سعد وسیم اور برجیس طاہر نے لاہور میں ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور متعلقہ حلقے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کامیاب دوروں پر مبارکباد پیش کی گئی، ترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کی ہدایات اور عوامی فلاحی منصوبون کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
 

Advertisement