حکومت کا عمران خان کے سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

Published On 05 May,2022 04:30 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے، کمیشن غیر جانبدار اور آزادانہ طور پر سفارتی مراسلے کی تحقیقات کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صبح شام تماشے پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے، سربراہ ایسا ہو گا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا، رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی، ملک کو لوٹنے والا سازشی ٹولہ بچ نہیں سکتا، نیازی کی نالائق حکومت کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، عمران خان معیشت کیلئے بارودی سرنگیں کھود کر گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی، جب اپنے اتحادی چھوڑ گئے تب آپ کو یاد آیا کہ بیرونی سازش ہوئی؟ جلسوں کا شیڈول بھی اپنی بے نامی کو بچانے کا پریشر ہے، افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے، ایک ایک تفصیل آ چکی ہے۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے اپنی نالائقی کا ماتم کر رہے ہیں،سازشی ٹولے نے 4 سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی، چور ٹولے نے 4 سال خزانہ اور توشہ خانہ لوٹا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سازشی ٹولہ اب رو دھو اور چیخیں مار کے وقت گزار رہے ہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ عمران خان کی نالائقی اور لوٹ مار ہے، عوام کو 4 سال بعد صرف 2 ہفتوں میں سستا آٹا، چینی، گھی مل رہا ہے، سعودی عرب اور یو اے ای سے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں۔
 

Advertisement