حافظ آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تاحیات نا اہلی کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا، سپریم کورٹ بار کی درخواست پر لارجر بنچ بننے کی امید ہے۔
حافظ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ مسجد نبویﷺ کا واقعہ قابل افسوس ہے، اس واقعہ کے خلاف مقدمات ریاست پاکستان کی طرف سے درج نہیں کیے گئے، وزارت قانون اس سارے واقعہ کا جائزہ لے رہی ہے۔ مسجد نبوی ﷺ کے واقعہ کے درج مقدمات توہین رسالت ایکٹ کے مقدمات نہیں ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنے لانگ مارچ سے قبل اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں پر نظر ڈالنی چاہیے، ان کی نا اہلی کی وجہ سے ان کے اتحادی بھی انہیں چھوڑ گئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئینی طریقے سے ختم کی گئی ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے حکومت بچانے کے لیے غیر آئینی طریقہ اختیار کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن پی ٹی آئی حکومت کے کرپشن کے سکینڈل سامنے آرہے ہیں، ہرشخص کو اپنے عہدے کی عزت وتکریم کا خیال رکھنا چاہیے، بعض لوگ آئین سے زیادہ اپنے پارٹی لیڈر کو اہمیت دیتے ہوئے لیڈر کی غلامی کی خاطر آئین کا حلیہ بگاڑ رہے ہیں۔