لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے حوالے سے ابہام پیدا کیا، مفتاح اسماعیل کو آٹے کے بھاؤ کا بھی علم نہیں، امپورٹڈ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے آئی ایم ایف کے پیچھے نہ چھپے، قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے۔
مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں حماد اظہر نے کہا کہ انہوں نے رمضان میں لوگوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے گزارا، ہمارے دور حکومت میں کبھی بھی اس طرح لوڈ شیڈنگ نہیں ہوئی، انہوں نے امپورٹڈ ایندھن پر پاور پلانٹ لگائے، 27 ڈالر پر انہوں نے تاریخ کے مہنگے ایل این جی کے معاہدے کیے۔
اپنی پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ روس کے ساتھ بطور وزیر تیل کے معاہدے کرلیے تھے، مجھے پتہ ہے امپورٹڈ حکومت روس سے معاہدے نہیں کریگی، 2 ایل این جی کے سودے جو (ن) لیگ کی حکومت کر کے گئی تھی وہ ڈیفالٹ کر گئے۔
حماد اظہر نے کہا ہے کہ یہ وہی حکومت ہے جو آج سے 2 ماہ پہلے مہنگائی مارچ کر رہی تھی، وزیر خزانہ کو یہ نہیں پتہ کہ آٹے کی قیمت کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سبز بیگ سستے آٹے کی سکیم کا اجراء تو ہم نے کیا تھا، وزیرخزانہ نے گزشتہ روز سیاسی پریس کانفرنس کی، قوم کو بتا دیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں، یہ یوٹیلٹی سٹورز پر جتنی قیمتیں بتا رہے ہیں ہماری حکومت نے مقرر کیں، ہماری حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز کو فعال کیا، یہ ہمارے ہی کھاتے سے چیزیں ہمیں نہ گنوائیں، 32 دن کا ڈیزل کا اسٹاک میں چھوڑ کر گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے آئی ایم ایف کے پیچھے نہ چھپیں، ہماری حکومت نے سستے تیل کے لیے روس سے مذاکرات شروع کیے تھے، یہ روس سے سستا تیل نہیں خریدیں گے ان کی ٹانگیں کانپیں گی، امپورٹڈ حکومت سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی، وزیرخزانہ عجیب باتیں کر رہے ہیں، خود ساختہ ڈیزل کا بحران کھڑا کر دیا گیا ہے، کسان آج ڈیزل کے لیے پریشان ہو رہے ہیں، آئی ایم ایف کو پٹرولیم قیمتوں کے تعین کا اختیار نہیں دیا گیا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے پہلے ہی ماہ مہنگائی میں 10 فیصد اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح 13 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی نالائقی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، مہنگے ترین چار ایل این جی کے سودے کیے گئے، ایسے معاملات نہیں چلیں گے، عوام کی نمائندہ حکومت ہی عوام کو ریلیف دیتی ہے، یہ ایک ووٹ پر حکومت کھڑی ہے کیسے فیصلہ سازی کر سکتی ہے، امپورٹڈ حکومت سے معاملات نہیں سنبھل رہے، فوری الیکشن کرائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے گرفتاریاں کیں تو معاملات کسی اور طرف چلے جائیں گے، ہم اقتدار نہیں مانگ رہے ہم تو الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، سی پیک اتھارٹی ہم نے بنائی، سنا ہے یہ ختم کرنے جا رہے ہیں، ان کے چین کے ساتھ تعلقات تسلی بخش نہیں، کٹھ پتلی حکومت پتا نہیں کس طرح چین کے ساتھ تعلقات رکھے گی، کراچی، پشاور، اسلام آباد، لاہور میں کارکنوں کی مدد سے جلسے کیے، یہ جو ہمارے ساتھی دوسری طرف گئے ان کو تھوڑی دیر بعد سمجھ آجائے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ایک ووٹ پر کھڑی ہے، ڈیزل اور پٹرول مہنگا کرنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، ہم نے کبھی فورس لوڈشیڈنگ نہیں ہونے دی تھی، اس وقت تحریک انصاف کا کارکن نہیں عوام بھی الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، تحریک انصاف اس وقت ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئے گا تو ان کی حکومت ختم ہو جائے گی، سندھ کے عوام بھی اب تبدیلی چاہتے ہیں، خود مختاری تو تباہ کردی اب آپ معیشت بھی تباہ کرنے جا رہے ہیں، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، انہیں پتا ہے عمران کو بھاری اکثریت ملے گی، جب جوڈیشل کمیشن بنے گا تو بہت ساری چیزوں کا پتا چلے گا۔