لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمانتوں پر بنی حکومت کے پاؤں جلد اکھڑ جائیں گے، بیرونی سازش اور مداخلت سے بنی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، امید ہے الیکشن کمیشن ضمیر بیچنے والوں کو جلد از جلد نا اہل کرے گا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ضمانتوں پر بننے والی حکومت کے میری دعا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو عالم اسلام میں وہ مقام ملے جو پاکستان حاصل نہیں کر سکا، نیت ٹھیک ہو تو ہر کام میں اللہ کی برکت شامل ہو جاتی ہے، اللہ تعالی پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام عطا فرمائے، اللہ کریم پاکستانی قوم کو عید کی ڈھیر وں خوشیاں عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سازش اور مداخلت سے بننے والی حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، بیرونی سازش اور مداخلت کے اعتراف امریکہ سے بھی سامنے آ رہے ہیں، منحرف ارکان کے بل بوتے پر بننے والی حکومت کسی وقت بھی گر سکتی ہے، پنجاب میں 25 منحرف ارکان کے ریفرنس میں نا اہلی نوشتہ دیوار ہے، امید ہے الیکشن کمیشن ضمیر بیچنے والوں کو جلد از جلد نا اہل کرے گا۔
سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ سازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والے ڈیلیور کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، عمران خان کو قوم کی بھرپور تائید ہے، ان کی ہر کال پر عوام باہر نکل رہے ہیں، لانگ مارچ کی کال کو بھی عوامی حلقوں نے خوش آمدید کہا ہے، تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ہم قدم ہو کر عوام کی آواز بلند کر رہے ہیں، پنجاب میں غیر آئینی و غیر قانونی حکمرانوں کا ڈراپ سین جلد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے جعلی حلف اور اقتدار قوم کو قبول نہیں، عمران خان نے ہمیشہ ملک اور قوم کے حقیقی ایشوز پر آواز بلند کی۔
اس موقع پر چودھری راسخ الٰہی، چودھری جاوید چٹھہ، میاں عمران مسعود و دیگر خاندان کے افراد نے بھی نماز عید ادا کی۔