راک اینڈ رول کی ملکہ ٹینا ٹرنر 83 سال کی عمر میں چل بسیں

Published On 25 May,2023 06:07 am

نیو یارک : ( ویب ڈیسک ) راک اینڈ رول کی ملکہ اور میوزک لیجنڈ ٹینا ٹرنر 83 سال کی عمر میں چل بسیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ’ دی بیسٹ ‘ اور ’ واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ ‘ جیسی کامیاب فلموں سے سپر سٹار بننے والی گلوکارہ ٹینا ٹرنر طویل علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

رپورٹس کے مطابق معروف گلوکارہ کو حالیہ برسوں میں کینسر، فالج اور گردوں کی خرابی سمیت متعدد صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔

راک  این  رول کی ملکہ کے نام سے شہرت حاصل کرنے والی ٹینا ٹرنر اپنی تیز اور پُرجوش سٹیج پرفارمنس اور تیز، طاقتور آواز کے لیے مشہور تھیں۔

گلوکارہ کی موت کا اعلان ان کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ان کا انتقال سوئٹزرلینڈ میں ہوا جہاں وہ 80 ملین ڈالر مالیت کے گھر میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہی تھیں۔

خیال رہےکہ ٹرنر گریمی ایوارڈ کیلئے 25 بار نامزدکی گئی تھیں اور انہیں 8 بار یہ ایوارڈ ملا جبکہ 3 بار لائف ٹائم گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔