بھارتی اداکار اشیش ودھیارتی نے 60 سال کی عمر میں دوسری شادی کر لی

Published On 25 May,2023 09:10 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار اشیش ودھیارتی نے 60 سال کی عمر میں دوسری شادی کر لی۔

بھارتی میڈیاکے مطابق اشیش ودھیارتی کی دلہن گوہاٹی سے تعلق رکھنے والی روپالی بروؤا فیشن انٹراپرینیور ہیں اور کلکتہ کے ایک معروف سٹور سے منسلک ہیں ،دونوں نے کلکتہ کی مقامی عدالت میں شادی کی جس کے بعد قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کے ہمراہ کلکتہ کلب میں شادی کی انتہائی سادہ تقریب منعقد کی گئی۔

اس موقع پر اشیش ودھیارتی کا کہنا تھا کہ عمر کے اس حصے میں روپالی سے شادی کرنا ایک غیرمعمولی احساس ہے جبکہ روپالی بروؤا کا کہنا تھا کہ وہ کچھ عرصہ قبل ملے تھے اور پھر اس تعلق کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اشیش خوبصورت احساس رکھنے والے انسان ہیں ایسے بہترین انسان جن کے ساتھ جیا جاسکے۔

اشیش ودھیارتی نے فلم سولجر، کہو نہ پیار ہے اور ضدی میں لیڈ ولین کا کردار ادا کیا تھا جبکہ حال ہی میں انہوں نے ویب سیریز پچرز سیزن 2 ،ٹرائل بائی فائر اور رانا نائیڈو میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

Advertisement