لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ فہیمہ اعوان نے کہا ہے جب شوہر کے انتقال کی خبر ملی تو اس وقت میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے حرم میں موجود تھی، اطلاع ملی تو ایسا لگا جیسے سانس رک گئی ہو۔
اداکارہ فہیمہ اعوان نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے سب سے مشکل وقت پر بات کی۔
فہیمہ اعوان نے کہا ایک سال قبل جب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود تھی، فیصل کے انتقال کی خبر مجھے میرے سسر نے کال کے ذریعے حرم میں دی اور شاید اللہ نے وہ جگہ اس خبر کے لیے اس لیے چنی کیوں کہ اللہ پاک جانتے تھے میں کہیں اور یہ خبر سنتی تو مرجاتی، زندہ نہیں رہ پاتی۔
انہوں نے کہا کہ تب ایسی حالت ہو گئی تھی کہ مجھے سانس نہیں آ رہی تھی ، میری یہ حالت دیکھ کر وہاں کھڑے خدمت گزاروں نے یہ کہا کہ یہ خاتون مر جائیگی اسے پیچھے لے جاؤ اور پانی پلاؤ۔
انہوں نے کہا میں فوراً عمرہ کرکے واپس آنا چاہتی تھی لیکن میں واپس نہیں آسکی کیوں کہ اللہ پاک مجھے ہمت دینا چاہتے تھے، اس کے بعد میں نے عمرہ کیا، میں عمرہ کے دوران خود کو بے جان محسوس کررہی تھی، اس کے بعد میں نے خود کو سنبھالا اور اللہ سے دعا کی کہ اللہ پاک مجھے میرے بچوں کے لیے زندہ رکھیں کیوں کہ ان کا میرے علاوہ اب کوئی نہیں ہے۔