لاہور: (دنیا نیوز) نگران پنجاب حکومت نے ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم لانے کا اعلان کر دیا جس کے بعد اب ڈراموں میں ڈانس پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
اپنے ایک بیان میں پنجاب کی نگران حکومت کے وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم متعارف کروا رہی ہے، ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے پروڈیوسرز کو سزائیں اور جرمانے ہوں گے، کابینہ کی منظوری کے بعد نیا ڈرامہ ایکٹ نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تھیٹر کے نام پر بیہودگی پھیلانے والوں سے بلیک میل نہیں ہوگی، فحاشی اور عریانی پھیلانے والے عناصر فنکاروں کے ترجمان بننے کی کوشش مت کریں، حقیقی فنکار بیہودگی کے خلاف کریک ڈاؤن پر حکومت پنجاب کے ساتھ ہیں۔
عامر میر نے کہا کہ ڈراموں میں فحاشی پھیلانے والے عناصر فنکاروں کے نمائندے تسلیم نہیں کیے جا سکتے، پنجاب حکومت ایسے عناصر کی دھمکیوں اور دباؤ میں نہیں آئے گی، تھیٹر کو فحاشی کی آماجگاہ بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں ملوث عناصر پر بھی ہاتھ ڈالا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کا سخت احتساب کیا جائے گا، سیل کیے گئے کمرشل تھیٹرز نئے ڈرامہ قوانین کے نفاذ تک بند رہیں گے، لاہور کے تھیٹرز ڈرامہ ایکٹ کی واضح خلاف ورزی پر بند کیے گئے، لاہور ڈویژن سے باہر کے تھیٹروں کی بھی مانیٹرنگ جاری ہے، جس تھیٹر میں بھی بیہودگی پھیلائی گئی اسے بند کر دیا جائے گا۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ثقافتی مراکز کو فحاشی کے مراکز نہیں بننے دیا جائے گا، تھیٹرز میں ڈراموں کے نام پر بے حیائی پھیلائی جا رہی تھی، تھیٹرز کو پاکستانی ثقافت اور پرفارمنگ آرٹ کے فروغ کی ذمہ داری دی جائے گی، چند ضمیر فروشوں کی مادہ پرستی نے پرفارمنگ آرٹ کے مراکز کو فحاشی کے اڈے بنا دیا ہے۔