لاہور: (ویب ڈیسک) نامور سپر ماڈل نیہا راجپوت اور پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر نے اپنی محبت بھری کہانی سنا دی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان کی دونوں مشہور شخصیات نے اپنی محبت کی کہانی سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔
نیہا سے پہلی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز تاثیر نے بتایا کہ ان کی ابتدائی بات چیت ایک باہمی دوست کے ذریعے ہوئی تھی، وہ ایک مشترکہ دوست کی جانب سے دی گئی دعوت کے دوران ملے تھے اور چند ملاقاتوں کے بعد اُنہوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا تھا۔
شہباز تاثیر نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ میں نے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے نیہا راجپوت کو شادی کی پیشکش کی تھی، یہ آسان نہیں تھا، مگر پھر بھی ظاہر سی بات ہے ہماری شادی ہوئی۔
نیہا کا کہنا تھا کہ میرا تعلق لاہور سے ہے لیکن میں یوکرین میں پلی بڑھی ہوں اور میرے والدین بھی یوکرین میں رہتے ہیں، میں تقریباً آٹھ سال قبل پاکستان آئی ہوں۔
نیہا راجپوت نے مزید کہا کہ وہ شہباز تاثیر سے ملنے سے قبل اِن سے متعلق کچھ بھی نہیں جانتی تھیں۔