نامور مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا

Published On 24 November,2023 12:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نامور مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا۔

80 کی دہائی میں پی ٹی وی پر چلنے والے ڈرامہ سیریز ’ففٹی ففٹی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے فنکار نے فلم، ٹی وی اور سٹیج تینوں پر اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔

اسماعیل تارا کا اصل نام محمد اسماعیل مرچنٹ تھا، وہ 16 نومبر 1949 کو کراچی میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے شوبز کیریئر کا آغاز 1964 میں پندرہ سال کی عمر میں سٹیج ڈرامے سے ہوا۔

ضیاء محی الدین شو میں پر فارمنس کے بعد ان پر ٹیلی وژن کیلئے راہیں ہموار ہوئیں جبکہ شعیب منصور اور انور مقصود کے سن 80 کی دہائی میں مشہور ڈرامہ سیریز ’ففٹی ففٹی‘ میں پرفارمنس کے بعد انہیں بے پناہ شہرت ملی۔

اسماعیل تارا نے ٹی وی ڈراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اپنی دھاک بٹھائی اور سلورسکرین پر بہترین اداکاری پر انہیں 5 مرتبہ بہترین مزاحیہ اداکار کے نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اداکار کے مشہور ڈراموں میں ففٹی ففٹی کے علاوہ ربڑ بینڈ، یہ زندگی ہے، ون وے ٹکٹ، دہلی کالونی، اسماعیل ٹائم اور سٹیج ڈرامے شامل ہیں۔

اسماعیل تارا کافی عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور 24 نومبر 2022 کو 73 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔