لاہور: (دنیا نیوز) نامور کلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
اہل خانہ کے مطابق دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے نامور کلاسیکل گلوکار حسین بخش گلو 75 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں، حسین بخش گلو طویل عرصہ سے علیل تھے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے برصغیر کے نامور گلوکار استاد حسین بخش خان گلو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ استاد حسین بخش گلو کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ استاد حسین بخش گلو دنیا بھر میں اپنی آواز کا جادو جگاتے رہے، ان کے انتقال سے آج کلاسیکل موسیقی کا ایک درخشاں باب بند ہو گیا۔
واضح رہے کہ استاد حسین بخش گلو شام چوراسی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، وہ پٹیالہ گھرانے کے مشہور و معروف گلوکار استاد نتھو خان کے فرزند تھے جو استاد بڑے غلام علی خان کے بھی استاد تھے۔
استاد حسین بخش گلو لائٹ کلاسیکل اور غزل گائیکی پر پورا عبور رکھتے تھے اور ایک بہت اچھے موسیقار بھی تھے، مرحوم ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے علاوہ دنیا بھر میں اپنے فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور ہر جگہ پر اپنی گائیکی کے نقش چھوڑ آئے۔
حکومت پاکستان نے 14 اگست 2010 میں استاد حسین بخش گلو کو ان کے فن کے اعتراف میں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔