کراچی: (رطابہ عروس) معروف نعت خواں جنید جمشید کی ساتویں برسی منائی گئی۔
نامور پاپ سنگر اور نعت خواں جنید جمشید نے 3 ستمبر 1964 کو کراچی میں آنکھ کھولی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے انجینئرنگ کی ڈگری لی، جنید جمشید نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز وائٹل سائنز گروپ میں بطور پاپ سنگر کیا۔
سال 2004 میں جب جنید جمشید شہرت کی بلندیوں پر تھے تو انہوں نے گلوکاری کو خیر باد کہہ دیا اور دین اسلام کی خدمت میں مصروف ہوگئے اور تبلیغی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا۔
پاپ سنگر نے جتنی شہرت گلوکاری سے پائی اس سے کہیں زیادہ نعت خوانی میں اپنا مقام پیدا کیا، ان کی اپنی کہانی کی عکاسی کرتی نعت "میرا دل بدل دے" نے نوجوانوں میں خوب مقبولیت حاصل کی۔
جنید جمشید کو 2007 میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا، وہ 7 دسمبر 2016 کو چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔